فائل فوٹو
فائل فوٹو

پیٹرول مہنگا ہونے پر گڈز ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 4 فیصد اضافہ

لاہور: پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھنے پر کرایوں میں 4 فیصد اضافہ کرنے کا اعلان کر دیا۔

صدر پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس ملک شہزاد اعوان نے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے ڈیزل کی قیمت میں اضافہ قابل مذمت ہے، قیمتیں بڑھنے پر کرایہ 4 فیصد بڑھانے کا اعلان کرتے ہیں، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے ہر پاکستانی متاثر ہوتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت اور حکومت پنجاب ٹرانسپورٹرز کو دیوار سے لگانا چاہتے ہیں، وفاقی حکومت نے ہماری حالیہ ہڑتال میں ہم سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی یقین دہانی کرائی تھی۔

ملک شہزاد اعوان نے کہا کہ حالیہ ہڑتال میں بہت سے مسائل پر جو وفاقی اور حکومت پنجاب کی جانب سے ہم سے معاہدہ کیا گیا تھا اس پر عمل درآمد نہیں ہو رہا ہے، وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے جو وعدہ کیا تھا موٹروے پولیس اس کو تسلیم کرنے کو تیار نہیں، وفاقی حکومت اور حکومت پنجاب کی خواہش ہے کہ ہم پھر سے ملک گیر ہڑتال کر لیں۔

صدر پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس کا کہنا تھا کہ ہم سے کیے گئے معاہدے پر عمل درآمد نہیں کیا گیا تو ہم پھر ملک گیر ہڑتال کریں گے، تمام نقصان کی ذمہ دار وفاقی اور حکومت پنجاب ہوگی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔