اسلام آباد: اسلامی جمہوریہ ایران کے سفارت خانے نے پاکستان میں حالیہ دہشت گرد حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے بیگناہ شہریوں اور بہادر سیکیورٹی اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
جاری بیان میں سفارت خانے نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی حکومت اور عوام کی جانب سے حکومتِ پاکستان اور پاکستانی عوام، بالخصوص شہدا کے لواحقین سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا جاتا ہے۔
بیان کے مطابق ایران اصولی طور پر دہشت گردی کی تمام اقسام کی غیرمشروط مذمت کرتا ہے، جو عالمی برادری کے لیے ایک سنگین خطرہ بنی ہوئی ہے۔ سفارت خانے نے کہا کہ اس نوعیت کے گھناؤنے واقعات، جنہیں بعض اوقات سرحد پار عناصر کی حمایت حاصل ہوتی ہے، کا مقابلہ علاقائی اور عالمی سطح پر مشترکہ تعاون کے ذریعے ہی کیا جا سکتا ہے۔
ایرانی سفارت خانے نے کہا کہ ان کی دعائیں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں اور زخمیوں کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے دعا کی گئی ہے۔ بیان کے آخر میں شہدا کے لیے بلند درجات اور جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام کی دعا بھی کی گئی۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos