تربت: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے تربت یونیورسٹی کے اساتذہ اور طلبہ کے ساتھ ایک خصوصی معلوماتی نشست کا انعقاد کیا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کی یونیورسٹی آمد پر اساتذہ، فیکلٹی ممبران اور طلبہ نے پرتباک خیرمقدم کیا۔ نشست کے دوران قومی سلامتی اور دیگر اہم امور پر مفصل گفتگو ہوئی، جس میں شرکاء نے مسلح افواج کے ساتھ قومی سلامتی کے تحفظ اور خطرات کا مقابلہ کرنے کے لیے متحد رہنے کے عزم کا اظہار کیا۔
اساتذہ کا کہنا تھا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر کے ساتھ یہ نشست بہت معلوماتی اور تعلیمی لحاظ سے مفید رہی، اور نوجوان نسل کو پاکستان کے مستقبل کی ذمہ داریوں سے روشناس کرانے میں مددگار ثابت ہوگی۔
طلبہ نے بھی اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ اس ملاقات سے ان کے خیالات اور رویوں میں مثبت تبدیلی آئے گی اور انہوں نے فوج اور معاشرتی ذمہ داریوں کے بارے میں زیادہ آگاہی حاصل کی۔
نشست کے اختتام پر شرکاء نے قومی یکجہتی، شعور اور مثبت بیانیہ کے فروغ کے لیے مشترکہ جدوجہد جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos