اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر قازقستان کے صدر قاسم جومارت توقایف کل اپنے پہلے دو روزہ سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچیں گے۔
وزارت خارجہ کے جاری کردہ بیان کے مطابق صدر توقایف کے ہمراہ اعلیٰ سطح کا وفد بھی ہوگا، جس میں کابینہ کے سینئر وزرا اور دیگر اعلیٰ حکام شامل ہیں۔ دورے کے دوران قازقستان کے صدر صدرِ پاکستان آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کریں گے۔
مزید برآں، صدر توقایف کا پاکستان-قازقستان بزنس فورم سے خطاب بھی متوقع ہے، جس میں دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات، لاجسٹکس، علاقائی اور عوامی روابط کے شعبوں میں تعاون کے نئے مواقع پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
اس دورے کا مقصد دونوں ممالک کے تعلقات کا جامع جائزہ لینا اور علاقائی و عالمی فورمز پر باہمی تعاون کے امکانات پر بات چیت کرنا ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos