بسنت کے موقع پر لاہور میں ممکنہ حادثات اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے محکمہ صحت پنجاب نے شہر کے 13 سرکاری ہسپتالوں کو ہائی الرٹ کر دیا ہے۔ ہدایات کے مطابق یہ ہسپتال 6 سے 8 فروری تک ہائی الرٹ رہیں گے
محکمہ صحت نے تمام متعلقہ ہسپتالوں کو میڈیکل، نرسنگ اور پیرامیڈیکل اسٹاف کی مکمل حاضری یقینی بنانے، ادویات، ڈرپس، ویکسین اور ضروری سرجیکل سامان کی دستیابی برقرار رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ بلڈ بیگز کی وافر مقدار اور خون عطیہ کرنے والے افراد کی فہرستیں بھی تیار کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
محکمہ صحت پنجاب کا کہنا ہے کہ بسنت کے دوران ممکنہ متاثرہ افراد کے لیے ہسپتالوں میں مخصوص بیڈز مختص کیے جائیں، جبکہ ایکسرے، الٹراساؤنڈ، سی ٹی اسکین اور ایم آر آئی مشینوں کو مکمل طور پر فعال رکھا جائے۔
جاری مراسلے میں یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ تمام ہسپتالوں میں موبائل اور ٹیلی فون کنکشن ہمہ وقت فعال ہوں۔ ہسپتال انتظامیہ کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے جامع پلان تیار کر کے فوری طور پر محکمہ صحت پنجاب کو جمع کرانے کی بھی ہدایت دی گئی ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos