پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے وادی تیراہ، کرم اور باجوڑ کے متاثرین کی بحالی اور انہیں امدادی رقوم کی فوری فراہمی کے لیے اہم اقدامات کا اعلان کر دیا ہے۔
ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی نے ہدایت کی کہ وادی تیراہ کے متاثرین کی ویری فیکیشن (تصدیق) کا عمل ایک ہفتے کے اندر مکمل کیا جائے تاکہ امدادی رقوم کی ادائیگی میں مزید تاخیر نہ ہو۔ انہوں نے واضح کیا کہ متاثرین کو دی جانے والی رقوم کا مکمل ڈیجیٹل ریکارڈ مرتب کیا جائے اور فنڈز کی ایک ایک پائی کا حساب رکھا جائے۔
وزیراعلیٰ نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ متاثرین کی معاونت ایک انسانی فریضہ ہے، اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ صوبائی حکومت اپنے تمام دستیاب وسائل متاثرہ بھائیوں کی بحالی کے لیے بروئے کار لائے گی۔”
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ وفاق کے ذمے بقایا متاثرین کے پیسوں کی ادائیگی کے لیے صوبائی حکومت کی جانب سے باقاعدہ خطوط لکھے جائیں گے تاکہ مالی بوجھ کو بانٹا جا سکے اور متاثرین کا حق انہیں جلد مل سکے۔ اس کے علاوہ وزیراعلیٰ نے قدرتی آفات اور مختلف آپریشنز سے متاثرہ لوگوں کی مستقل بحالی کے لیے ایک "خصوصی فنڈ” قائم کرنے کی بھی منظوری دی۔
اجلاس کے دوران حکام نے وزیراعلیٰ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ متاثرین کی معاونت کے لیے اب تک 4 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، جن میں سے 90 کروڑ روپے پہلے ہی تقسیم کیے جا چکے ہیں۔
حکام نےبتایا کہ وادی تیراہ کے 17,000 متاثرہ گھرانوں کی رجسٹریشن مکمل کر لی گئی ہے۔اب روزانہ کی بنیاد پر ایک ہزار خاندانوں کو ادائیگیاں یقینی بنائی جائیں گی تاکہ عمل جلد مکمل ہو۔
بریفنگمیں بتایا گیا کہ ادائیگیوں کے عمل کو شفاف بنانے کے لیے ایک ڈیجیٹل ڈیش بورڈ بھی قائم کیا جا رہا ہے۔بکاہ خیل کیمپ میں مقیم متاثرین کو ماہانہ بنیادوں پر مالی امداد کی فراہمی جاری ہے۔
اجلاس میں صوبائی کابینہ کے اراکین عاقب اللہ، مزمل اسلم اور متعلقہ انتظامی محکموں کے سیکرٹریز اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی اور متاثرین کی بحالی کے حوالے سے مختلف تجاویز پیش کیں۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos