سرگودھا کے نواحی علاقے میں ایک انتہائی افسوسناک واقعہ سامنے آیا ہے جہاں محض ایک پالتو کتے کو مارنے سے منع کرنے پر 17 افراد نے مل کر بہن بھائی کو وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔ تھانہ بھاگٹانوالہ کی حدود میں پیش آنے والے اس واقعے کے بارے میں متاثرہ خاتون نے پولیس کو بتایا کہ چند روز قبل انہوں نے مرکزی ملزم کو اپنے پالتو کتے پر تشدد کرنے سے روکا تھا، جس پر ملزم نے طیش میں آ کر انہیں سنگین نتائج کی دھمکیاں دی تھیں۔
متاثرہ خاتون کے مطابق جب وہ اپنے بھائی کے ساتھ بنگلہ لالوالی کے قریب موٹر سائیکل پر جا رہی تھیں، تو ملزم نے اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ ان کا راستہ روکا اور دونوں پر حملہ کر دیا۔ اس وحشیانہ تشدد کے نتیجے میں بہن بھائی شدید زخمی ہو گئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈی پی او سرگودھا محمد صہیب اشرف نے سخت نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دے دیا ہے۔ پولیس نے خاتون کی درخواست پر 13 نامزد اور 4 نامعلوم افراد سمیت کل 17 ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے اور ان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos