محکمہ موسمیات نے ملک کے بالائی علاقوں میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی کر دی ہے جبکہ میدانی علاقوں میں سردی کی لہر برقرار ہے۔ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، نارووال، سیالکوٹ اور جہلم میں چند مقامات پر بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ مری، گلیات اور گردونواح سمیت خیبرپختونخوا کے اضلاع ایبٹ آباد، مانسہرہ، بٹگرام، دیر اور سوات میں بارش کے ساتھ برفباری کی بھی توقع ہے۔ گلگت بلتستان میں بھی بعض مقامات پر بادل برسنے اور برفباری کا امکان ہے، جبکہ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم شدید سرد رہے گا۔ سندھ اور پنجاب کے زیادہ تر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
دوسری جانب، صوبائی دارالحکومت لاہور میں فضائی آلودگی کی صورتحال ایک بار پھر ابتر ہو گئی ہے، جس کے باعث لاہور عالمی سطح پر آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں ساتویں نمبر پر آ گیا ہے۔ شہر کا مجموعی ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) 184 ریکارڈ کیا گیا ہے، تاہم بعض علاقوں میں فضائی معیار انتہائی خطرناک حد تک گر گیا ہے۔ ڈی ایچ اے فیز 8 میں سب سے زیادہ 423، وحدت روڈ پر 348 اور ٹھوکر نیاز بیگ میں 324 اے کیو آئی ریکارڈ کیا گیا ہے۔ لاہور میں سردی کی شدت برقرار ہے جہاں کم سے کم درجہ حرارت 8 ڈگری سینٹی گریڈ رہا، جبکہ ہوا کی رفتار 3 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos