ایف بی آر نے پراپرٹی کے نئے سرکاری ریٹس جاری کر دیے

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے پراپرٹی کے نئے سرکاری ریٹس جاری کر دیے ہیں، جس کا باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں رہائشی اور کمرشل جائیدادوں کی نظرثانی شدہ ویلیوایشن مقرر کی گئی ہے، جن کے تحت پراپرٹی ریٹس میں 15 سے 75 فیصد تک اضافہ کیا گیا ہے۔

ایف بی آر کا کہنا ہے کہ غیرمنقولہ جائیداد کی مارکیٹ ویلیو کا تعین اب نئے مقرر کردہ ریٹس کے مطابق کیا جائے گا، جبکہ کیپیٹل گین ٹیکس اور ودہولڈنگ ٹیکس بھی انہی نئی شرحوں کی بنیاد پر وصول کیے جائیں گے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق پانچ سال تک پرانے تعمیر شدہ رہائشی اسٹرکچر کے ریٹس 3 ہزار روپے فی مربع فٹ مقرر کیے گئے ہیں، جبکہ پانچ سال سے زائد پرانی تعمیر شدہ رہائشی جائیداد کے لیے یہ ریٹ 1500 روپے فی مربع فٹ طے کیا گیا ہے۔

ایف بی آر نے واضح کیا ہے کہ نئے ایس آر او کے نفاذ کے بعد سابقہ سرکاری ویلیوایشن ریٹس منسوخ تصور کیے جائیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔