وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بلوچستان میں سرگرم دہشتگرد افغانستان کے ایجنٹ ہیں اور ریاست ان عناصر کو بلوچ عوام کے تعاون سے شکست دے گی۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں بدامنی پھیلانے والے عناصر ریاست کو بلیک میل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور یہ دشمن قوتوں کے ایجنٹ کے طور پر کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پر ہونے والے حملوں کے پیچھے بیرونی طاقتوں کی پشت پناہی شامل ہے۔
وزیر دفاع نے کہا کہ گزشتہ چند دہائیوں میں بلوچستان میں نمایاں ترقی ہوئی ہے، جہاں سڑکوں، تعلیمی اداروں اور دیگر بنیادی سہولیات کے منصوبے مکمل کیے گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ جمہوری طرزِ حکمرانی بلوچ عوام کا حق ہے اور صوبے کے وسائل پر سب سے پہلا حق بھی بلوچ عوام کا ہے۔
خواجہ آصف نے واضح کیا کہ اگر بلوچستان میں وسائل سے صرف چند افراد مستفید ہو رہے ہیں تو وفاقی حکومت عام بلوچ عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے اقدامات کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں دہشتگردی کا بھرپور جواب دیا جائے گا اور بلوچ قوم کی مدد سے بھارت اور افغانستان کی حمایت یافتہ عناصر کو شکست دی جائے گی۔ وزیر دفاع نے یہ بھی کہا کہ عالمی برادری بھارت کے کردار سے آگاہ ہے اور بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کی پاکستان کی تحویل اس کا واضح ثبوت ہے، جبکہ دہشتگردی میں بھارتی مداخلت کے دیگر شواہد بھی موجود ہیں۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ براہِ راست محاذ پر ناکامی کے بعد بھارت پراکسیز کے ذریعے پاکستان کے خلاف کارروائیاں کر رہا ہے، تاہم بلوچ عوام کے تعاون سے اس پراکسی جنگ میں بھی دشمن قوتوں کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos