اسلام آباد: دفتر خارجہ نے ایران اور امریکا کے درمیان رواں ہفتے استنبول میں شیڈول مذاکرات میں پاکستان کو دعوت کی تصدیق کردی۔
جمعے کے روز استنبول میں ہونے والے ان مذاکرات میں امریکا نے پاکستان کو بھی شرکت کی دعوت دی ہے، جسے پاکستان نے قبول کیا ہے۔
ترجمان دفترخارجہ طاہر اندرابی نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان کو امریکا ایران مذاکرات میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ پاکستان کی جانب سے نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار نمائندگی کریں گے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ امریکا، ایران مذاکرات بیک ڈور ڈپلومیسی سے ممکن ہوئے، پاکستان اور ترکیے نے شدید تناؤ کے درمیان سفارتی کاوشوں کے ذریعے ایران کو امریکا سے بات چیت کے لیے راضی کیا۔
ذرائع نے بتایا کہ امریکا اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی کے خاتمہ کے لیے پاکستان اپنا کردار ادا کرے گا، ایران اور امریکا کے درمیان جوہری مذاکرات جمعے کو ترکیے میں شروع ہو رہے ہیں، جس میں ایران کے ایٹمی پروگرام اور دیگر معاملات پر بات ہوگی۔
اس سے قبل مذاکرات پانچویں دور کے بعد سے تعطل کا شکار تھے اور مئی 2023 میں معطل ہوگئے تھے۔
امریکا کے نمائندہ خصوصی اسٹیو ویٹکوف اور ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی مذاکرات میں اپنے ممالک کی نمائندگی کریں گے اور دونوں ممالک کے درمیان ایرانی جوہری پروگرام سے متعلق جاری تنازع سفارت کاری کے ذریعے ختم کرنے کی کوششیں کریں گے تاکہ خطہ نئی جنگ سے بچ جائے۔
ایک عہدیدار نے بتایا کہ استنبول میں ہونے والے مذاکرات میں ترجیح کسی تنازع سے بچنا اور دونوں ممالک کے درمیان تنازعات میں کمی لانا ہے اور مذاکرات میں خطے کی طاقتوں کے ایک گروپ کو بھی دعوت دی گئی ہے۔
شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر عہدیدار نے بتایا کہ استنبول میں مذاکرات میں شرکت کے لیے پاکستان، سعودی عرب، قطر، مصر، عمان اور متحدہ عرب امارات کے وزرائے خارجہ کو دعوت دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق امریکا ایران مذاکرات رواں ہفتے استنبول میں منعقد ہو رہے ہیں، امریکا، ایران مذاکرات بیک ڈور چینل کوششوں سے ممکن ہوئے۔ مذاکرات کے لیے پاکستان اور ترکیہ بیک ڈور کوششیں کر رہے تھے۔
امریکی اور ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ امریکا اور ایران جوہری مذاکرات جمعے کو ترکیہ میں دوبارہ شروع ہوں گے۔خبر ایجنسی کا کہنا ہے کہ امریکا ایران جوہری مذکرات پانچ ادوار کے بعد مئی 2023 سے تعطل کا شکار تھے۔
دوسری جانب علاقائی عہدیدار کا کہنا ہے کہ مذاکرات میں سعودی عرب، قطر، عمان، پاکستان، مصر، متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کو استنبول مدعو کیا گیا ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos