بسنت کے موقع پر لاہور کے شہریوں کے لیے خوشگوار خبر سامنے آ گئی ہے، جہاں پتنگ بازی کے شوقین افراد کے لیے موسم کو انتہائی موزوں قرار دیا گیا ہے۔ ماہرین موسمیات کے مطابق بسنت کے تینوں دن لاہور میں موسم معتدل اور خوشگوار رہے گا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ موسمِ بہار اپنے عروج پر ہوگا، دن کے اوقات میں دھوپ اور بادلوں کا حسین امتزاج دیکھنے میں آئے گا، جبکہ ہلکی اور خوشگوار ہوائیں بھی چلتی رہیں گی جو پتنگ بازی کے لیے سازگار ماحول فراہم کریں گی۔
ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ موسمیات ثاقب حسین کے مطابق سورج اور بادلوں کی آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری رہے گا، رات کے وقت ہلکی خنکی محسوس کی جائے گی، تاہم دن کے درجہ حرارت میں معمولی اضافے کا امکان بھی موجود ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق یہ موسم شہریوں کو بسنت کے تہوار کو بھرپور انداز میں منانے کا موقع فراہم کرے گا۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos