گل پلازہ تحقیقات میں پیش رفت، آگ لگنے کی اصل وجہ سامنے آگئی

 گل پلازہ میں پیش آنے والے افسوسناک سانحے کو 19 روز گزر چکے ہیں، تاہم واقعے سے متعلق تحقیقات کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔ تحقیقاتی حکام کے مطابق ابتدائی شواہد سے معلوم ہوا ہے کہ آگ دکان نمبر 193 میں ایک بچے کے ماچس سے کھیلنے کے دوران لگی۔

تحقیقات کے دوران یہ بھی سامنے آیا ہے کہ گل پلازہ کی پہلی اور دوسری منزل کی سی سی ٹی وی فوٹیج دستیاب نہیں ہو سکی، جس کے باعث تحقیقات کو مزید پیچیدگی کا سامنا ہے۔

حکام نے تصدیق کی ہے کہ اس سانحے میں 79 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہو چکی ہے، جن میں سے 68 افراد کی میتیں اور باقیات ورثاء کے حوالے کی جا چکی ہیں، جبکہ دیگر کی شناخت اور قانونی کارروائی کا عمل جاری ہے۔

دوسری جانب گل پلازہ ٹاور سے نمائش جانے والی سڑک تاحال عام ٹریفک کے لیے بند ہے۔ حکام کے مطابق جاری تحقیقات کی وجہ سے گل پلازہ کو منہدم کرنے کا کام شروع نہیں کیا جا سکا۔

متعلقہ اداروں کا کہنا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے تک عمارت کو مسمار نہیں کیا جائے گا اور ذمہ داروں کا تعین ہونے کے بعد مزید کارروائی کی جائے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔