فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے کمبوڈیا لے جا کر پاکستانی شہریوں کو فروخت کرنے میں ملوث ایک منظم گروہ کو گرفتار کر لیا ہے۔
ایف آئی اے کے ڈپٹی ڈائریکٹر کے مطابق گرفتار گروہ چھ افراد پر مشتمل تھا، جن میں سے دو ملزمان کمبوڈیا میں مقیم تھے جبکہ چار ملزمان پاکستان سے کارروائیاں چلا رہے تھے۔
حکام کے مطابق پاکستان میں موجود ملزمان سوشل میڈیا کے ذریعے کمبوڈیا میں کال سینٹرز میں ملازمت کے جعلی اشتہارات دیتے اور تعلیم یافتہ، کمپیوٹر اسکلز رکھنے والے نوجوانوں کو نشانہ بناتے تھے۔ اشتہارات دیکھ کر رابطہ کرنے والے افراد کو بیرونِ ملک ملازمت کا جھانسہ دیا جاتا تھا۔
ایف آئی اے نے بتایا کہ کمبوڈیا میں موجود گروہ کے افراد ہر متاثرہ شخص کے عوض تقریباً دو ہزار امریکی ڈالر وصول کرتے تھے۔ متاثرہ پاکستانیوں کو وہاں پہنچنے کے بعد قید میں رکھا جاتا اور ان سے زبردستی آن لائن فراڈ اور اسکیمنگ کروائی جاتی تھی۔
حکام کے مطابق کام سے انکار کرنے والوں پر تشدد کے واقعات بھی سامنے آئے ہیں۔ ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ یہ گروہ اب تک 100 سے زائد پاکستانی شہریوں کو کمبوڈیا منتقل کر چکا ہے۔
ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف مزید قانونی کارروائی جاری ہے اور نیٹ ورک کے دیگر کرداروں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos