رمضان المبارک کے چاند سے متعلق محکمہ موسمیات کی اہم پیش گوئی

محکمہ موسمیات نے رمضان المبارک کے چاند کے حوالے سے اہم پیش گوئی جاری کر دی ہے، جس کے مطابق پاکستان میں یکم رمضان 19 فروری 2026 کو ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 18 فروری کی شام رمضان المبارک کا چاند نظر آنے کے قوی امکانات موجود ہیں۔ ماہرین کے مطابق چاند کی پیدائش 17 فروری 2026 کو شام 5 بج کر 1 منٹ پر ہو گی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 18 فروری کو کراچی میں چاند کی عمر تقریباً 26 گھنٹے ہو گی، جو رویت کے لیے موزوں سمجھی جاتی ہے۔ کراچی میں اس روز سورج شام 6 بج کر 25 منٹ پر غروب ہو گا جبکہ چاند شام 7 بج کر 24 منٹ پر غروب ہونے کی توقع ہے۔

محکمے نے مزید بتایا کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے، تاہم چاند نظر آنے کے لیے چاند کی عمر 19 گھنٹے سے زائد ہونا ضروری ہوتی ہے، جو اس دن پوری ہو رہی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق حتمی اعلان مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی کی جانب سے کیا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔