کراچی میں مختلف ٹریفک حادثات، تین افراد جاں بحق

کراچی کے مختلف علاقوں میں پیش آنے والے ٹریفک حادثات کے نتیجے میں خاتون اور کمسن بچی سمیت تین افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ تین افراد زخمی ہو گئے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق گلشنِ حدید کے علاقے میں تیز رفتار 10 ویلر ٹریلر نے موٹرسائیکل سوار میاں بیوی کو کچل دیا، حادثے میں خاتون موقع پر ہی جاں بحق ہو گئی جبکہ شوہر زخمی ہو گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ٹریلر کا ڈرائیور گاڑی سمیت موقع سے فرار ہو گیا، جس کی تلاش جاری ہے۔ جاں بحق خاتون اور زخمی مرد کا تعلق ضلع ٹھٹھہ سے بتایا جا رہا ہے۔

ایک اور واقعہ سرجانی ٹاؤن میں لیاری پچاس سی برکی گراؤنڈ کے قریب پیش آیا، جہاں نامعلوم موٹرسائیکل کی ٹکر سے ایک کمسن بچی جاں بحق جبکہ دو بچے زخمی ہو گئے۔ پولیس کے مطابق حادثہ غیر آباد سڑک پر پیش آیا جہاں موٹرسائیکل سوار نوجوان ون ویلنگ کر رہے تھے۔ زخمی اور جاں بحق ہونے والے بچے قریبی رہائشی علاقے کے مکین تھے اور گھر کے باہر کھیل رہے تھے۔ موٹرسائیکل سوار نوجوان حادثے کے بعد فرار ہو گئے۔

تیسرا حادثہ شاہ لطیف ٹاؤن کے سیکٹر 19 بی میں پیش آیا، جہاں نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے ایک شخص جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔

پولیس اور ریسکیو اداروں نے لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا جبکہ تمام واقعات کی تحقیقات جاری ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔