راولپنڈی:پاکستان آرمی ٹیم اسپرٹ (پیٹس) مقابلوں 2026 کی نویں بین الاقوامی مشق کی افتتاحی تقریب نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم سینٹر (این سی ٹی سی) پبی میں منعقد ہوئی، جس کا مقصد دوست ممالک کی افواج کے درمیان باہمی تعاون اور پیشہ ورانہ ہم آہنگی کو فروغ دینا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق افتتاحی تقریب میں ایک سینئر فوجی افسر نے شرکت کی، جس کے ساتھ ہی 60 گھنٹے پر مشتمل پیٹرولنگ ایکسرسائز کا باقاعدہ آغاز ہوگیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اس بین الاقوامی فوجی مشق میں 19 دوست ممالک کی 24 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں، جبکہ مختلف ممالک کے فوجی مبصرین بھی موجود ہیں۔ شریک ممالک میں بحرین، بنگلہ دیش، بیلاروس، مصر، عراق، اردن، سعودی عرب، ملائیشیا، مالدیپ، مراکش، نیپال، قطر، سری لنکا، ترکیہ، امریکا اور ازبکستان شامل ہیں۔ اس کے علاوہ انڈونیشیا، میانمار اور تھائی لینڈ مبصرین کی حیثیت سے مشق کا حصہ ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملکی سطح پر پاکستان آرمی اور پاکستان نیوی کی 16 ٹیمیں بھی اس مشق میں شریک ہیں، جبکہ پاکستان ایئر فورس کے مبصرین بھی مشق کا مشاہدہ کر رہے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان آرمی ٹیم اسپرٹ ایک مشن پر مبنی اور پیشہ ورانہ فوجی مشق ہے، جو ہر سال پاکستان میں منعقد کی جاتی ہے۔ اس مشق میں جسمانی فٹنس، ذہنی مضبوطی اور عسکری مہارتوں کے اعلیٰ معیار کا مظاہرہ کیا جاتا ہے، جبکہ قریباً حقیقی حالات میں مشکل فوجی مشنز کے دوران فوری فیصلوں کی صلاحیت کو جانچا جاتا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اس مشق کا بنیادی مقصد ٹیم اسپرٹ کے ذریعے ثابت قدمی کو فروغ دینا، بنیادی فوجی صلاحیتوں کو نکھارنا اور شریک افواج کے درمیان باہمی تجربات، جدید خیالات اور بہترین عملی طریقوں کے تبادلے کے ذریعے باہمی ہم آہنگی کو بہتر بنانا ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos