اسلام آباد:ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کو فراڈ کیس میں بری کرنے کا حکم جاری کر دیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق فواد چوہدری کے خلاف فراڈ کیس کی سماعت ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں ہوئی، جوڈیشل مجسٹریٹ شائستہ کنڈی نے کیس پر سماعت کی، عدالت نے فواد چودھری کو فراڈ کیس سے بری کر دیا۔
فواد چوہدری اپنے وکلا شمس اقبال ایڈووکیٹ اور قمر عنایت راجہ ایڈووکیٹ کے ہمراہ عدالت پیش ہوئے، شکایت کنندہ ملک محمد ظہیر بھی عدالت میں پیش ہوئے، تاہم ان کے وکیل فرحان منظور پیش نہیں ہوئے۔
سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کے وکلا کی جانب سے بریت کی درخواست پر دلائل دیئے گئے، شمس اقبال ایڈووکیٹ نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ فواد چوہدری کے خلاف کیس میں ثبوت ناکافی ہیں۔
شمس اقبال ایڈووکیٹ کا مزید کہنا تھا کہ شکایت کنندہ کی عدم دلچسپی بھی عدالت کے سامنے ہے، عدالت قانون کی محافظ ہے اور اس کی ذمہ داری دستیاب شواہد کی روشنی میں فیصلہ کرنا ہے۔
فواد چوہدری کے وکیل نے کہا کہ عدالت ریکارڈ کا جائزہ لیتے ہوئے فواد چوہدری کو کیس سے بری کرے۔شمس اقبال ایڈووکیٹ کی استدعا پر عدالت نے فواد چوہدری کی بریت کی درخواست نمٹا دی۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos