فائل فوٹو
فائل فوٹو

15 کروڑ تاوان کا ڈرامہ فلاپ ، زنجیروں میں جکڑا شہری بازیاب

رپورٹ :نوید اکرم عباسی

ایبٹ آباد پولیس نے ہنی ٹریپ اوراغوابرائے تاوان میں ملوث ایک خاتون سمیت بین الصوبائی گروہ کے 2کارندے گرفتار کرلیے ہیں، گینگ سے مغوی شہری بھی بازیاب کرالیاگیا۔

ڈی پی او ایبٹ آباد ہارون رشید خان کی زیر قیادت، ایس پی کینٹ علی حمزہ بٹ کی زیر نگرانی، ایس ایچ او تھانہ میرپور اصغر خان کی کامیاب کارروائی کے دوران ایبٹ آباد پولیس نیسنگین اور منظم جرائم میں ملوث بین الصوبائی گروہ کو بے نقاب کرتے ہوئے2مرکزی ملزمان کو گرفتار کر کے مغوی کو بحفاظت بازیاب کرا یا۔ گینگ کے دیگر ارکان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

گرفتار اغواکار ایبٹ آباد پولیس کی تحویل میں
گرفتار اغواکار ایبٹ آباد پولیس کی تحویل میں

تفصیلات کے مطابق ایس ایچ او تھانہ میرپور اصغر خان کو فرانس سے ایک شہری نے واٹس ایپ کال کے ذریعے اطلاع دی کہ اس کے والد عبدالعزیز ملانا ولد احمد بخش، سکنہ غازی کالونی ملتان شادی کے سلسلے میں ایبٹ آباد آئے ہوئے تھے، ان سے اچانک رابطہ منقطع ہو گیا اورموبائل فون مسلسل بند جا رہا تھا۔ اسی دوران مدعی کو ایک نامعلوم نمبر سے کال موصول ہوئی، جس میں ملزمان نے مغوی کی زنجیروں میں جکڑی ہوئی ویڈیو ارسال کر کے اس کی رہائی کے بدلے 15 کروڑ روپے تاوان کا مطالبہ کیا اور رقم ادا نہ کرنے کی صورت میں جان سے مارنے کی سنگین دھمکیاں دیں۔

اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او تھانہ میرپور نے فوری کارروائی کا آغاز کیا اور جدید تفتیشی خطوط پر عمل کرتے ہوئے ڈائیوو بس اڈہ کے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج چیک کی گئی، جہاں معلوم ہوا کہ مغوی ڈائیوو بس سے اترنے کے بعد ایک آن لائن گاڑی میں روانہ ہوا تھا۔ پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے مذکورہ ٹیکسی ڈرائیور کو ٹریس کیا، جس کی نشاندہی پرعثمان آباد ایبٹ آباد میں کامیاب چھاپہ مار کارروائی کی گئی، جہاں سے دو ملزمان وسیم عباس ولد محمد اکرم سکنہ کچا کھوہ میاں چنوں خانیوال اور بی بی زوجہ شبیر احمد سکنہ شیر گڑھ لاہور کو گرفتار کر لیا گیا ، مغوی عبدالعزیز ملانا کو بحفاظت بازیاب کرالیا گیا۔

فوٹو امت
فوٹو امت

دورانِ تفتیش انکشاف ہوا کہ یہ واردات ایک منظم بین الصوبائی گروہ نے انجام دی ہے۔ گروہ میں شامل خاتون نے مغوی کو ہنی ٹریپ کے ذریعے اپنے جال میں پھنسایا، اور بعد ازاں عثمان آباد میں موجود اپنے ساتھیوں کے حوالے کر دیا جہاں اسے اغوا کر کے تاوان کے لیے قید رکھا گیا۔ ایس ایچ او تھانہ میرپور اصغر خان کی مدعیت میں گرفتار ملزمان کے خلاف دفعہ 365-A کے تحت مقدمہ درج رجسٹرڈ کر کے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ واقعے میں ملوث دیگر سہولت کاروں اور مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔