پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج یومِ یکجہتی کشمیر منایا جا رہا ہے

پاکستان سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں آج یومِ یکجہتی کشمیر منایا جا رہا ہے۔ اس دن کا مقصد کشمیری عوام کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار، ان کی جدوجہدِ آزادی اور لازوال قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرنا ہے۔ یومِ یکجہتی کشمیر اس عزم کی یاد دہانی ہے کہ کشمیری عوام اپنے حقِ خود ارادیت کی جدوجہد میں تنہا نہیں ہیں۔

ملک بھر اور آزاد کشمیر میں مقبوضہ کشمیر کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا جائے گا۔ اس موقع پر مختلف شہروں میں خصوصی تقریبات، جلسے، جلوس، ریلیاں، سیمینارز اور کانفرنسز منعقد ہوں گی، جن کے ذریعے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کیا جائے گا۔

کوہالہ پل پر انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنا کر مقبوضہ وادی کے عوام سے عملی یکجہتی کا مظاہرہ کیا جائے گا، جبکہ دنیا بھر میں مقیم پاکستانی اور کشمیری بھی آج اس دن کے موقع پر اپنی آواز بلند کر رہے ہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ کئی دہائیوں کے دوران مقبوضہ جموں و کشمیر میں لاکھوں کشمیری ظلم و جبر کا نشانہ بنے۔ حالیہ برسوں میں ہزاروں افراد شہید، گرفتار اور جبری حراست میں رکھے گئے، جبکہ متعدد خاندان ناقابلِ تلافی نقصان سے دوچار ہوئے۔

پانچ اگست 2019 کے بعد سے مقبوضہ کشمیر میں حالات مزید سنگین ہو گئے، جہاں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا۔ حالیہ مہینوں میں بھی ریاستی جبر کے واقعات رپورٹ ہوئے، جن میں مزید بے گناہ جانیں ضائع ہوئیں۔

یومِ یکجہتی کشمیر اس واضح پیغام کے ساتھ منایا جا رہا ہے کہ پاکستان کشمیری عوام کے ساتھ کھڑا ہے، ان کی جدوجہد کو اپنی جدوجہد سمجھتا ہے، اور اس دن پر یقین رکھتا ہے جب کشمیر میں آزادی، انصاف اور امن کا سورج طلوع ہوگا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔