ڈیرہ اسماعیل خان سے متصل ضلع لکی مروت میں نامعلوم افراد نے گیس کی مرکزی پائپ لائن کو دھماکہ خیز مواد کے ذریعے نشانہ بنایا، جس کے باعث علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
مقامی اطلاعات کے مطابق بھانہ منجیوالا کے قریب واقع گیس ٹرانسمیشن سسٹم کو نقصان پہنچا، جس کے نتیجے میں پائپ لائن مکمل طور پر متاثر ہو گئی اور گیس کا اخراج شروع ہو گیا۔
دھماکے کے فوراً بعد آگ بھڑک اٹھی، جس کے شعلے دور دور تک دکھائی دیتے رہے۔
عینی شاہدین کے مطابق زور دار دھماکے کی آواز سے قریبی آبادیوں میں شدید بے چینی پیدا ہوئی، جبکہ حفاظتی خدشات کے پیش نظر گیس کی فراہمی بند کر دی گئی، جس سے ہزاروں صارفین متاثر ہوئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی متعلقہ اداروں، فائر بریگیڈ اور گیس کمپنی کے عملے نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ گیس کے اخراج کو روکنے اور آگ پر قابو پانے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔
قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں، جبکہ نقصانات کا ابتدائی تخمینہ لگایا جا رہا ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos