یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے مظلوم کشمیری عوام کے ساتھ اپنی غیر متزلزل حمایت کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
صدرِ مملکت نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ یومِ یکجہتی کشمیر کشمیری عوام سے بھرپور یکجہتی اور ان کے حقِ خود ارادیت کی حمایت کی تجدید کا دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں پاکستانی کشمیری بھائیوں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کر رہے ہیں، جبکہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کو ان کا بنیادی حق دینا ناگزیر ہے۔
آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ کشمیری عوام گزشتہ کئی دہائیوں سے بھارتی قبضے کے خلاف ثابت قدمی سے جدوجہد کر رہے ہیں اور ان کی قربانیاں عزم و استقلال کی روشن مثال ہیں۔ انہوں نے یاد دلایا کہ یومِ یکجہتی کشمیر کا آغاز محترمہ بینظیر بھٹو کی قیادت میں ہوا۔ صدرِ مملکت نے پانچ اگست 2019 کے بھارتی اقدامات کو غیر قانونی اور یکطرفہ قرار دیتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ہر سطح پر کشمیری عوام کے شانہ بشانہ کھڑا رہے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ پانچ فروری کشمیری عوام کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کے عزم کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر موجود ایک حل طلب تنازع ہے اور سلامتی کونسل کی قراردادیں کشمیری عوام کے حقِ خود ارادیت کی ضمانت دیتی ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بھارتی ہٹ دھرمی کے باعث کشمیری عوام طویل عرصے سے حقِ رائے شماری سے محروم ہیں، جبکہ مقبوضہ کشمیر آج بھی جبر اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی زد میں ہے۔ انہوں نے کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کو غیر قانونی اقدام قرار دیتے ہوئے واضح کیا کہ پاکستان کشمیری عوام کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا، اور وہ دن ضرور آئے گا جب آزادی کی صبح کشمیری عوام کا مقدر بنے گی۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos