حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال حسین ملک نے یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر ایک ویڈیو پیغام میں وادیٔ کشمیر کی موجودہ صورتحال اور حریت قیادت کو درپیش خطرات پر روشنی ڈالی۔
مشعال ملک نے کہا کہ کشمیر صرف ایک سیاسی تنازع نہیں بلکہ دنیا کا ایک خطرناک نیوکلیئر فلیش پوائنٹ بھی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حریت رہنما محمد یاسین ملک اس وقت ڈیتھ سیل میں قید ہیں اور بھارتی حکومت انہیں پھانسی دینے کی کوشش کر رہی ہے۔
مشعال ملک نے کہا کہ یہ معاملہ صرف ایک خاندان تک محدود نہیں بلکہ پوری کشمیری قوم کو خاموش کرانے کی کوشش ہے، جہاں امن اور آزادی کی آواز کو جرم قرار دیا گیا ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ ظلم اور خوف کے ماحول میں امن ممکن نہیں۔ یاسین ملک کو ڈیتھ سیل میں رکھنا کشمیری قوم کے خلاف سزا کے مترادف ہے اور بھارتی حکومت کشمیری قیادت کو پھانسی دے کر آواز دبانا چاہتی ہے۔
ویڈیو پیغام میں مشعال حسین ملک نے کہا کہ کشمیری عوام کے لیے امن اور آزادی کا مطالبہ کرنا اب جرم بن چکا ہے، دنیا خاموش ہے اور وادی میں دہشت گردی کھلے عام جاری ہے۔ ہر آنسو پر پابندی اور ہر دھڑکن پر خوف نافذ ہے، جو کشمیری عوام کے لیے شدید مشکلات پیدا کر رہا ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos