کراچی کے علاقے ڈی ایچ اے خیابانِ اتحاد میں نصب ڈیجیٹل ایڈورٹائزمنٹ اسکرینز پر چند لمحوں کے لیے غیر اخلاقی ویڈیوز نشر ہونے کے واقعے میں پولیس نے ایڈورٹائزنگ کمپنی کے ایک ملازم کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ سائبر کرائم اداروں نے باضابطہ تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
پولیس کے مطابق اس واقعے کا مقدمہ گزشتہ روز گزری تھانے میں درج کیا گیا تھا، جس کے بعد کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو حراست میں لیا گیا۔ گرفتار ملزم اسی ایڈورٹائزنگ کمپنی کا ملازم ہے جس کی اسکرین پر نازیبا مواد نشر ہوا۔
ایف آئی آر کے مطابق کمپنی کے آپریشن ڈائریکٹر نے پولیس کو فون پر اطلاع دی کہ فیز 8 میں نصب ایس ایم ڈی اسکرین پر وقفے وقفے سے غیر اخلاقی ویڈیو کلپس چل رہے ہیں، جس پر فوری طور پر اسکرین بند کروا دی گئی۔
حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد احتیاطی تدابیر کے تحت ڈی ایچ اے کی اہم شاہراہوں کے علاوہ شاہراہِ فیصل اور کارساز روڈ پر نصب متعدد ڈیجیٹل ایڈورٹائزمنٹ اسکرینز کو بھی عارضی طور پر بند کر دیا گیا۔
دوسری جانب پولیس اور متعلقہ اداروں کے مطابق ڈی ایچ اے خیابانِ اتحاد عبدالستار ایونیو پر نصب اشتہاری اسکرینز کو نامعلوم ہیکرز نے ہیک کر کے غیر اخلاقی مواد نشر کیا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی تھی۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی متعلقہ اداروں نے فوری نوٹس لیتے ہوئے متنازع اسکرینز کو بند کر دیا، جبکہ این سی سی آئی اے اور سائبر کرائم یونٹ نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ حکام کے مطابق اسکرینز کو ہیک کرنے میں ملوث عناصر کی نشاندہی کے لیے تکنیکی شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos