صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے وفاقی دارالحکومت میں ہونے والے دھماکے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر شدید رنج کا اظہار کیا ہے۔ صدرِ مملکت نے دھماکے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے اہلِ خانہ سے تعزیت کی اور ان کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔
صدر آصف علی زرداری نے زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ متاثرہ افراد کو ہر ممکن طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانا انسانیت کے خلاف سنگین جرم ہے۔
صدرِ مملکت کا کہنا تھا کہ قوم اس مشکل گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ریاست شرپسند عناصر کے خلاف پوری قوت سے کارروائی جاری رکھے گی۔
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے واقعے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا ہے۔ وزیرِ اعظم نے شہدا کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔
وزیرِ اعظم نے وزیر داخلہ محسن نقوی سے ملاقات کے دوران واقعے کی مکمل تحقیقات کرکے ذمہ داران کے فوری تعین کی ہدایت کی اور کہا کہ دھماکے میں ملوث عناصر کو قرار واقعی سزا دلوائی جائے۔ انہوں نے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی اور وزیر صحت کو خود علاج معالجے کی نگرانی کرنے کا حکم دیا۔
- وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ ملک میں شرپسندی اور بدامنی پھیلانے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی اور ریاست ایسے عناصر کے خلاف پوری قوت سے کارروائی جاری رکھے گی۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos