پشاور/اسلام آباد: پاکستان میں لاپتہ افراد کے حوالے سے جاری کردہ تازہ ترین سرکاری دستاویزات نے ملک بھر میں جبری گمشدگیوں اور ان کے حل سے متعلق صورتحال کی سنگینی واضح کر دی ہے۔ دستاویزات کے مطابق ملک بھر میں لاپتہ افراد کے کیسز کی مجموعی تعداد 10,806 تک پہنچ گئی ہے، جن میں سے سب سے زیادہ کیسز صوبہ خیبرپختونخوا میں رپورٹ ہوئے ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق خیبرپختونخوا لاپتہ افراد کے معاملے میں سرفہرست ہے جہاں اب تک مجموعی طور پر 3,730 کیسز رپورٹ ہوئے۔
صوبے میں اب تک 2,760 کیسز نمٹا دیے گئے ہیں جبکہ 970 کیسز تاحال زیر تفتیش ہیں۔ دستاویز کے مطابق 1,804 لاپتہ افراد کو ٹریس کر لیا گیا ہے، جن میں سے 707 افراد اپنے گھروں کو بحفاظت واپس پہنچ چکے ہیں۔

رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ 861 لاپتہ افراد انٹرنمنٹ سینٹرز میں پائے گئے، جبکہ 148 افراد مختلف جیلوں میں قید ہیں۔ افسوسناک طور پر 88 لاپتہ افراد کی لاشیں بھی برآمد ہوئی ہیں۔
سرکاری رپورٹ کے مطابق جنوری 2026 تک ملک بھر میں مجموعی طور پر 9,259 لاپتہ افراد کے کیسز نمٹائے جا چکے ہیں۔ تاہم، اب بھی 1,547 کیسز ایسے ہیں جن پر تحقیقات جاری ہیں اور لواحقین اپنے پیاروں کی واپسی کے منتظر ہیں۔
گلگت بلتستان وہ واحد علاقہ ہے جہاں رپورٹ ہونے والے تمام 10 کیسز مکمل طور پر نمٹا دیے گئے ہیں، جبکہ پنجاب اور سندھ میں بھی کیسز نمٹانے کی شرح کافی بہتر رہی ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos