کراچی: مجلسِ وحدتِ مسلمین (MWM) کراچی کی جانب سے اسلام آباد کی جامع مسجد و امام بارگاہ خدیجۃ الکبریٰ میں ہونے والے دہشت گردی کے المناک واقعے کے خلاف نمائش چورنگی پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔
احتجاجی مظاہرے کی قیادت ایم ڈبلیو ایم کے صوبائی و مرکزی رہنماؤں بشمول علامہ صادق جعفری اور علامہ مبشر حسن نے کی۔ اس موقع پر علمائے کرام، تنظیمی کارکنان اور عمائدینِ شہر کی بڑی تعداد موجود تھی، جنہوں نے دہشت گردی کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور حکومت سے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا۔
مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے علامہ صادق جعفری نے اسلام آباد دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئےسانحہ اسلام آباد پر مجلسِ وحدتِ مسلمین کی جانب سے 3 روزہ سوگ کا اعلان کیا گیا ہے۔
انھوں نے کہاکہ دہشت گردی کے اس بزدلانہ واقعے کے خلاف کراچی سمیت صوبہ بھر میں احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالی جائیں گی۔
رہنماؤں نے اپنے خطاب میں حکومت اور سیکیورٹی اداروں پر زور دیا کہ دھماکے میں ملوث اصل ذمے داران اور ان کے سہولت کاروں کو فوری طور پر گرفتار کر کے عبرت ناک سزا دی جائے۔
علامہ صادق جعفری نے کہا کہ عبادت گاہوں پر حملے سیکیورٹی اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہیں،ہم شہدا کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں۔
انھوں نے کہاکہ قوم اس مشکل گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے، لیکن اب زبانی دعوؤں سے کام نہیں چلے گا، عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔
مظاہرے کے اختتام پر شرکا نے شہدا کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی اور پرامن طور پر منتشر ہو گئے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos