رپورٹ: وقاص چوہدری
اسلام ٓآباد:وفاقی دارالحکومت کے علاقے ترلائی میں واقع ایک مصروف امام بارگاہ میں جمعہ کی نماز کے دوران خودکش حملے کے نتیجے میں 30 سے 35 افراد شہید اور 200 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔
عینی شاہدین کے مطابق حملہ اس وقت ہوا جب پہلی رکعت میں قنوت پڑھی جا رہی تھی۔ حملے میں ایک سے زائد افراد کے ملوث ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ عینی شاہد کے مطابق، مسلح افراد نے پہلے گیٹ پر موجود سکیورٹی گارڈز پر فائرنگ کی اور انہیں شہید کرنے کے بعد اندر داخل ہوئے۔
ایک شہری نے بتایا کہ وہاں عام طور پر موجود پولیس اہلکار حملے کے وقت نہیں تھے، جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے حملہ آوروں نے سیکیورٹی گارڈز کو فائرنگ کا نشانہ بنایا۔
جائے وقوعہ پر موجود لوگوں نے بتایا کہ دھماکے کے بعد کربلا جیسا منظر تھا، ہر طرف انسانی اعضاء بکھرے ہوئے تھے۔
دھماکے کے تقریباً 10 منٹ کے اندر ہی ریسکیو ٹیمیں اور مقامی لوگ امداد کے لیے پہنچ گئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا، جہاں کئی کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق حملہ آوروں میں سے ایک نے خود کو اڑا لیا جبکہ دوسرے کے بارے میں متضاد اطلاعات ہیں۔
یہ امام بارگاہ جڑواں شہروں (پنڈی اسلام آباد) کی مصروف ترین عبادت گاہوں میں سے ایک مانی جاتی ہے جہاں جمعہ کے روز بہت بڑا اجتماع ہوتا ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos