سیہون میں حضرت لعل شہباز قلندرؒ کا 774واں عرس شروع
عرس کے موقع پر پنجاب سمیت ملک کے دیگر صوبوں سے لاکھوں زائرین سیہون پہنچ چکے ہیں اور شہر کی گلیوں میں "دمادم مست قلندر" کے نعرے گونج رہے ہیں
سیہون شریف: حضرت لعل شہباز قلندرؒ کا سالانہ 774واں عرس مبارک سیہون میں شروع ہو گیا ہے۔ تین روزہ تقریبات کا افتتاح گورنر سندھ کامران ٹیسوری مزار قلندر پر حاضری دے کر کریں گے۔
عرس کے موقع پر پنجاب سمیت ملک کے دیگر صوبوں سے لاکھوں زائرین سیہون پہنچ چکے ہیں اور شہر کی گلیوں میں “دمادم مست قلندر” کے نعرے گونج رہے ہیں۔ زائرین مزار قلندر پر چادریں چڑھا کر دھمالیں ڈال کر عقیدت و محبت کا اظہار کر رہے ہیں۔ سیہون میں زائرین کی سہولت کے لیے پانی کی سبیلیں اور میڈیکل کیمپس بھی قائم کیے گئے ہیں۔
آج شام سندھ کی روایتی ثقافت ملاکھڑے کے دلچسپ مقابلے منعقد ہوں گے جبکہ رات کو شہباز آڈیٹوریم ہال میں سگھڑن جی کچہری کا زبردست پروگرام بھی ہوگا۔
عرس کے دوران سخت سیکیورٹی کے انتظامات کیے گئے ہیں، جن میں 6 ہزار پولیس اہلکار اور 300 رینجرز تعینات ہیں۔ مزار قلندر اور سیہون شہر کی نگرانی سی سی ٹی وی اور ڈرون کیمروں کے ذریعے بھی کی جا رہی ہے۔