سانحہ ترلائی امام بارگاہ کے شہداء کی نماز جنازہ آج ادا کر دی گئی

 اسلام آباد: سانحہ ترلائی امام بارگاہ کے شہداء کی نماز جنازہ آج ادا کر دی گئی۔ نماز جنازہ اسلام آباد کے سیکٹر جی-9 میں واقع جامع مسجد و امام بارگاہ کے قریب منعقد ہوئی، جس میں ہزاروں مومنین نے شرکت کی۔

نماز جنازہ کی قیادت مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی اور صوبائی صدر شمالی پنجاب علامہ سید اشتیاق حسین کاظمی نے کی۔ نماز جنازہ کے دوران شہداء کی مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعائیں کی گئیں۔

حکومتی اور مذہبی رہنماؤں کے علاوہ مختلف حلقوں کے افراد نے بھی جنازہ میں شریک ہو کر دہشت گردی کے خلاف یکجہتی کا اظہار کیا۔ شرکاء نے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ ایسے جرائم سے نہ صرف امن و امان متاثر ہوتا ہے بلکہ معاشرے میں خوف بھی پیدا ہوتا ہے۔

واضح رہے کہ اسلام آباد کے نواحی علاقے ترلائی میں امام بارگاہ میں جمعے کی نماز کے دوران خودکش دھماکہ ہوا تھا، جس کے نتیجے میں 32 افراد شہید اور 150 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔ دہشت گردانہ حملے میں آئی جی اسلام آباد کے قریبی رشتہ دار بھی شامل تھے۔

پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے واقعے کی تحقیقات میں مصروف ہیں، اور جائے وقوع سے شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں۔ زخمیوں کو ہسپتالوں میں منتقل کر کے طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے، جبکہ سیکورٹی سخت کر دی گئی ہے تاکہ مزید کسی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔