انسداد دہشت گردی عدالت نے سابق وزیراعظم عمران خان کی جانب سے ذاتی معالجین سے علاج معالجہ کی درخواست مسترد کر دی ہے۔
راولپنڈی میں انسداد دہشت گردی عدالت نے عمران خان کے ذاتی ڈاکٹروں سے میڈیکل چیک اپ سے متعلق درخواست پر سماعت کے بعد محفوظ فیصلہ سنایا۔ سماعت جج سید امجد علی شاہ نے کی۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ عمران خان کا طبی معائنہ ان کے ذاتی معالجین ڈاکٹر عاصم، ڈاکٹر خرم اور ڈاکٹر ثمینہ سے کروانے کی اجازت دی جائے۔ وکیلِ صفائی نے دلائل میں کہا کہ ذاتی معالجین سے علاج کروانا آئینی اور قانونی حق ہے، جبکہ ماضی میں سابق وزیراعظم نواز شریف کو بھی ذاتی معالجین کی سہولت دی گئی تھی۔
عدالت کو بتایا گیا کہ جیل رولز کے تحت قیدی کے طبی معائنے سے متعلق اہلِ خانہ کو آگاہ کرنا جیل انتظامیہ کی ذمہ داری ہے۔
سماعت کے دوران سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کی جانب سے کوئی تحریری میڈیکل رپورٹ جمع نہیں کروائی گئی، تاہم عدالت کو آگاہ کیا گیا کہ عمران خان کا علاج جیل میں جاری ہے۔
بعد ازاں عدالت نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے درخواست مسترد کر دی۔ عدالت نے قرار دیا کہ جیل قواعد کے مطابق عمران خان کو مناسب طبی سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں اور ان کا علاج معالجہ تسلی بخش انداز میں جاری ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos