پنجاب کی وزیر اطلاعات و ثقافت عظمیٰ زاہد بخاری نے دہشت گردی کے واقعات پر سیاست کرنے کو قابلِ مذمت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ قومی سانحات کو سیاسی فائدے کے لیے استعمال کرنے والے عناصر قوم کے ساتھ مخلص نہیں۔
سوشل میڈیا پر جاری بیان میں عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ دہشت گردی جیسے سنگین واقعات پر سیاست کرنا افسوسناک طرزِ عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں قومی سانحات کو دباؤ کے لیے استعمال کرنے والے عناصر آج اس معاملے پر خاموش دکھائی دیتے ہیں۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ دہشت گردی کے شہداء اور ان کے اہل خانہ کے خلاف نامناسب زبان استعمال کرنا ناقابلِ قبول ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جاری جدوجہد ایک قومی جنگ ہے، جس میں قوم پہلے بھی کامیاب رہی ہے اور آئندہ بھی سرخرو ہوگی۔
عظمیٰ بخاری کے مطابق دہشت گرد عناصر کا مقصد معاشرے میں خوف پھیلانا اور معمولاتِ زندگی کو متاثر کرنا ہے، تاہم عوام اور ریاست مل کر ان عزائم کو ناکام بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد کھیلوں اور خوشیوں سے بھرے ماحول کو تباہ کرنا چاہتے ہیں، مگر ایسا ہونے نہیں دیا جائے گا۔
وزیر اطلاعات پنجاب نے اس عزم کا اظہار کیا کہ فتنہ الخوارج اور ان سے جڑے عناصر کے خلاف پوری قوت سے کارروائی جاری رکھی جائے گی اور انہیں ہر سطح پر شکست دی جائے گی۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos