دہشت گردی کی واپسی کے پیچھے پی ٹی آئی ہے،وفاقی وزیر اطلاعات

لاہور: وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ ملک میں دہشت گردی کی حالیہ لہر کے پیچھے پی ٹی آئی کی پالیسیوں کا کردار ہے۔

علما کے ہمراہ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ وہ اسلام آباد میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے پر اظہارِ یکجہتی کے لیے موجود ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عبادت میں مصروف افراد کو نشانہ بنانا انسانیت کے خلاف جرم ہے اور ایسے عناصر کا کسی مذہب سے کوئی تعلق نہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ریاست تمام مساجد، امام بارگاہوں اور دینی مراکز کی سیکیورٹی یقینی بنانے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی۔ ان کے مطابق حالیہ واقعہ سیکیورٹی ناکامی نہیں بلکہ ایک چیلنج ہے جس کا مقابلہ قومی اتحاد سے کیا جائے گا۔

عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ ماضی میں آپریشن ضربِ عضب اور ردالفساد کے ذریعے دہشت گردی کا مؤثر خاتمہ کیا گیا تھا اور ملک میں امن بحال ہوا تھا، تاہم بعد میں اختیار کی گئی بعض پالیسیوں کے نتیجے میں دہشت گرد عناصر کو دوبارہ منظم ہونے کا موقع ملا۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کی سخت اہداف تک پہنچنے کی صلاحیت کم ہو چکی ہے، اسی لیے وہ مضافاتی علاقوں میں نرم اہداف کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی ادارے مکمل الرٹ ہیں اور دہشت گردوں کے خلاف مزید سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے بتایا کہ اسلام آباد واقعے کی تحقیقات میں پیشرفت ہو چکی ہے اور سہولت کاروں کو قانون کے مطابق سزا دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پیغامِ امن کمیٹی ملک میں ہم آہنگی کے فروغ اور انتہا پسند نظریات کے خاتمے کے لیے کام کر رہی ہے، جس میں تمام مکاتبِ فکر کی نمائندگی شامل ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ افغان سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال ہو رہی ہے اور دہشت گرد مالی مفادات کے لیے بے گناہ مسلمانوں کا خون بہا رہے ہیں۔ وزیراعظم کی ہدایات پر انسدادِ دہشت گردی کے اقدامات کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔