سابق وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ انہیں نہیں لگتا کہ موجودہ وزیراعظم شہباز شریف 2027 تک عہدے پر برقرار رہیں گے۔ کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے اسلام آباد میں مسجد میں ہونے والے خودکش دھماکے کی سخت مذمت کی اور کہا کہ دہشت گردی کے خلاف پوری قوم کو متحد ہو کر مقابلہ کرنا ہوگا۔
مفتاح اسماعیل نے بلوچستان میں دہشت گردوں کے خاتمے اور وہاں کے عوام کو ان کے جائز حقوق دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے حکومت کی معاشی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اگر ملک معاشی طور پر مستحکم ہے تو غربت اور بے روزگاری میں اضافہ کیوں ہو رہا ہے۔ ان کے مطابق آئی ایم ایف کے قرضوں پر مبنی نظام کو حقیقی معاشی استحکام نہیں کہا جا سکتا۔
سابق وزیر خزانہ نے کہا کہ ملک میں حقیقی معاشی استحکام موجود نہیں، ان کی جماعت نجکاری کے حق میں ہے جبکہ بجلی اور گیس چوری کا بوجھ عوام پر ڈالا جا رہا ہے۔ انہوں نے سرکاری اداروں میں بدعنوانی کے تسلسل اور موجودہ حکومت کی جانب سے عوام کے مفاد میں مؤثر قوانین نہ بنانے پر بھی اعتراض کیا۔
مفتاح اسماعیل نے خدشہ ظاہر کیا کہ ہر سال کی طرح اس رمضان میں بھی مہنگائی میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے ایم کیو ایم کے کراچی کو وفاق کے حوالے کرنے کے مطالبے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں ایسے تجربات ناکام ثابت ہوئے ہیں اور مشرف دور کے مضبوط بلدیاتی نظام کو ہی مسائل کا حل قرار دیا۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos