خیبر: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے شہید کیپٹن عباس خان کی رہائش گاہ لنڈی کوتل، ضلع خیبر کا دورہ کیا اور اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ اس موقع پر آئی جی فرنٹیئر کور خیبرپختونخوا نارتھ بھی وزیر داخلہ کے ہمراہ موجود تھے۔
محسن نقوی نے شہید کی قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ ’’آپ جیسے پرعزم والد کا حوصلہ قوم کے جذبے کو مزید مضبوط کرتا ہے، آپ کے بلند عزم کو پوری قوم سلام پیش کرتی ہے۔‘‘
شہید کے والد نے کہا کہ ’’ہمیں اپنے بہادر بیٹے کی شہادت پر فخر ہے، وطن کے لیے ہر بیٹا حاضر ہے۔‘‘
دورے کے دوران وفاقی وزیر داخلہ نے قبائلی عمائدین و مشران سے بھی ملاقات کی، جنہوں نے مسلح افواج کے ہر قیمت پر ساتھ دینے کا عزم دہرایا اور کہا کہ وہ شہید کیپٹن عباس کے نقشِ قدم پر چلیں گے اور وطن کی سالمیت پر کسی قسم کی آنچ نہیں آنے دیں گے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos