لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بسنت کے موقع پر حفاظتی ایس او پیز پر بھرپور عملدرآمد یقینی بنانے پر اہلِ لاہور کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
اپنے خصوصی پیغام میں وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ لاہور والوں نے حکومت کے اعتماد کی لاج رکھی اور بسنت کو خوشگوار مگر محفوظ انداز میں منایا۔ ان کا کہنا تھا کہ قواعد و ضوابط کی پاسداری کرتے ہوئے بسنت منانے سے ایک مثبت مثال قائم ہوئی، جس پر وہ دل سے خوش اور شکر گزار ہیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ خوشی کے رنگوں کے ساتھ احتیاط کو بھی اپنایا گیا، مقررہ سائز اور مقررہ پنے کے علاوہ کسی ممنوعہ ڈور کے استعمال کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی، جبکہ دھاتی تار استعمال نہ ہونے کی وجہ سے بجلی کے نظام اور ٹرانسفارمرز بھی محفوظ رہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ چھتوں پر بھی ایس او پیز کے مطابق بسنت منائی گئی۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ سیف بسنت کا ماڈل لاہور کے بعد دیگر شہروں میں بھی نافذ کیا جائے گا۔ بسنت کے دوران شہریوں کی سہولت اور حفاظت کے لیے لبرٹی اور اندرونِ شہر سمیت مختلف علاقوں میں 200 کلینک آن ویل اور 21 فیلڈ ہسپتال متعین کیے گئے تھے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے بتایا کہ آج بسنت فیسٹیول کا آخری دن ہے، اس لیے شہری خوشی مناتے ہوئے احتیاط کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں تاکہ یہ تہوار محفوظ یادوں کے ساتھ اختتام پذیر ہو۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos