لاہور: سنو نیوز کے انتہائی محنتی اور جاں فشاں رپورٹر زین ملک بسنت مناتے ہوئے بلڈنگ کی چوتھی منزل سے گر کر جاں بحق ہو گئے۔
حادثے کے فوراً بعد انہیں شدید زخمی حالت میں گورنمنٹ میاں منشی ڈی ایچ کیو اسپتال لاہور منتقل کیا گیا، جہاں انہیں ایمرجنسی وارڈ میں طبی امداد دی گئی۔ تاہم، ڈاکٹروں کی انتھک کوششوں کے باوجود وہ جانبر نہ ہو سکے۔
اطلاعات کے مطابق زین بسنت کے تہوار کے حوالے سے تفریح میں مصروف تھے کہ اچانک ایک کثیر المنزلہ عمارت کی چوتھی منزل سے توازن برقرار نہ رکھ سکے اور نیچے جا گرے۔ انہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کر دی۔
ڈیتھ سرٹیفکیٹ کے مطابق موت کی بنیادی وجہ بلندی سے گرنے کے باعث سر پر لگنے والی شدید چوٹ بنی جس کے نتیجے میں دل کی دھڑکن بند ہو گئی۔مرحوم کی میت ان کے کزن محمد اویس سہیل نے وصول کی۔
ملک زین ولد ملک محمد جمیل، جن کی عمر 38 برس تھی، لاہور کے علاقے ساندہ (محلہ نبی اسٹریٹ) کے رہائشی تھے۔
ملک زین کا شمار ایک نڈر اور محنتی صحافی کے طور پر ہوتا تھا۔ ان کی اچانک وفات پر سنو نیوز کی انتظامیہ، ساتھی صحافیوں اور مختلف صحافتی تنظیموں نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا اور سوگوار خاندان کو یہ عظیم صدمہ برداشت کرنے کی ہمت دے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos