محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف حصوں میں بارش، ژالہ باری اور برفباری کی پیشگوئی کر دی ہے۔ رپورٹ کے مطابق بلوچستان کے پہاڑی علاقوں میں برفباری جبکہ اسلام آباد اور گرد و نواح میں بارش کے ساتھ ژالہ باری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر میں شدید برفباری کے خدشات کے پیش نظر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی بارش اور ژالہ باری متوقع ہے۔ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد رہے گا جبکہ مطلع جزوی سے مکمل طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ کوئٹہ، زیارت، پشین، چمن، قلعہ عبداللہ اور قلعہ سیف اللہ میں بارش جبکہ پہاڑی علاقوں میں برفباری ہو سکتی ہے۔
اس صورتحال کے پیش نظر ایس ڈی ایم اے آزاد کشمیر نے 9 اور 10 فروری کے لیے ایمرجنسی الرٹ جاری کر دیا ہے۔ ادارے کے مطابق خراب موسم کے باعث پہاڑی علاقوں میں سڑکوں پر پھسلن، لینڈ سلائیڈنگ اور راستوں کی بندش کا خدشہ ہے، جبکہ مظفرآباد، نیلم، جہلم ویلی، میرپور، کوٹلی، بھمبر، راولاکوٹ، باغ، حویلی اور پونچھ کے اضلاع زیادہ متاثر ہو سکتے ہیں۔
ادھر بلوچستان کے اضلاع ژوب، موسیٰ خیل، مستونگ، قلات، تربت، چاغی، گوادر اور خاران میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ میں کم سے کم درجہ حرارت صفر ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ قلات میں منفی ایک ڈگری ریکارڈ کیا گیا ہے۔ زیارت میں کم سے کم درجہ حرارت منفی ایک ڈگری اور ژوب میں 4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔
محکمہ موسمیات کے اعداد و شمار کے مطابق سبی میں کم سے کم درجہ حرارت 12، تربت میں 16، نوکنڈی میں 9 اور چمن میں 6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ ساحلی علاقوں میں گوادر کا کم سے کم درجہ حرارت 13 جبکہ جیوانی میں 15 ڈگری سینٹی گریڈ نوٹ کیا گیا ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos