کشمیر کی آزادی کے لیے متحد ہو کر جدوجہد ضروری ہے، مشعال ملک

چیئرپرسن پیس اینڈ کلچر آرگنائزیشن مشعال ملک نے کہا ہے کہ کشمیر کی آزادی کے لیے سب کو متحد ہو کر جدوجہد کرنا ہوگی۔

ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مشعال ملک کا کہنا تھا کہ معرکۂ حق میں پاکستان نے بھارت کو تاریخی شکست دی، جبکہ کشمیری عوام دس لاکھ سے زائد بھارتی افواج کے سامنے ڈٹے ہوئے ہیں۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ بھارتی فورسز کشمیری بچوں پر بیلٹ گنز کا استعمال کر رہی ہیں اور بھارت خطے میں پاکستان کا سب سے بڑا دشمن ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ افضل گرو کو بغیر ثبوت کے پھانسی دی گئی، جس کا مقصد بھارتی عوام کو خوش کرنا تھا۔

مشعال ملک نے مزید کہا کہ کشمیری رہنما یاسین ملک کو ڈیتھ سیل میں رکھا گیا ہے، جو انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ ان کے مطابق کشمیری کاز کو اجاگر کرنے کے لیے پاکستان میں عوامی رابطہ مہم بھی شروع کی گئی ہے۔

انہوں نے بھارت پر آبی جارحیت کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ بھارت اب تک متعدد ڈیمز تعمیر کر چکا ہے، جس سے خطے میں سنگین مسائل پیدا ہو رہے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔