فائل فوٹو
فائل فوٹو

وزیراعظم شہباز شریف سے سری لنکن صدر کا رابطہ، بھارت کیخلاف میچ کھیلنے کی درخواست

اسلام آباد: سری لنکن صدر انورا کمارا ڈسانائیکے نے وزیراعظم پاکستان شہباز شریف سے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 میں پاکستان کے بھارت کیخلاف میچ کے بائیکاٹ کو ختم کرنے اور قومی ٹیم کو میچ کی اجازت دینے کی درخواست کردی۔ 

وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور سری لنکا کے صدر کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ سری لنکن صدر نے بھارت سے میچ کھیلنے کے لیے وزیراعظم سے درخواست کردی اور کہا کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کو سری لنکا میں منعقدہ پاک بھارت میچ کھیلنا چاہیے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ وزیرِاعظم شہباز شریف نے سری لنکن صدر کے جذبات کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ پاکستان میں بھی مشکل ادوار میں سری لنکا نے بھرپور ساتھ دیا اور پاکستان میں کرکٹ جاری رکھی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ حال ہی میں بھی سری لنکن ٹیم نے پاکستان کا دورہ منسوخ نہ کرکے ناقابل فراموش اقدام کیا۔

سری لنکن صدر کا کہنا تھا کہ سری لنکا میں دہشت گردی کے دوران پاکستان نے سری لنکن کرکٹ کو بھرپور طریقے سے سپورٹ کیا، پاکستان نے سری لنکا کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات کو ہر چیز پر فوقیت دی۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم نے بھی دہشت گردی کے باوجود سری لنکا میں کرکٹ کھیلنے کےلیے دورے جاری رکھے۔

اعلامیہ میں کہا گیا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے سری لنکن صدر کو پاک بھارت میچ پر مشاورت کے بعد حتمی فیصلے سے آگاہ کرنے کا کہا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔