اسلام آباد: ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 میں پاکستان نے قومی ٹیم کو بھارت کیخلاف میچ کھیلنے کی اجازت دے دی۔
حکومت کی جانب سے جاری ہونے والی پریس ریلیز کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف کو پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن رضا نقوی نے پی سی بی، انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے نمائندوں اور بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے درمیان ہونے والی اعلیٰ سطح کی بات چیت کے نتائج کے بارے میں باضابطہ طور پر بریفنگ دی۔
حکومت پاکستان نے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کی طرف سے پی سی بی کو دی گئی باضابطہ درخواستوں کے ساتھ ساتھ سری لنکا، متحدہ عرب امارات اور دیگر رکن ممالک سے بات چیت کا جائزہ لیا ہے۔ مذکورہ خط و کتابت میں پاکستان کی زیر قیادت حالیہ چیلنجز کا قابل عمل حل تلاش کرنے کی کوشش کی گئی۔
حکومت پاکستان بی سی بی کے صدر جناب امین الاسلام کے بیان کا خیر مقدم کرتی ہے۔ ہم برادر ملک بنگلہ دیش کی طرف سے اظہار تشکر کا بڑی گرمجوشی کے ساتھ خیر مقدم کرتے ہیں۔ پاکستان اس بات کا اعادہ کرتا ہے کہ وہ بنگلہ دیش کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہے۔
کثیر الجہتی بات چیت و مشاورت کے نتیجے میں حکومت، پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم کو 15 فروری 2026 کو آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں اپنے شیڈول فکسچر کے مطابق میدان میں اترنے کی ہدایت کرتی ہے۔
مزید برآں یہ فیصلہ کرکٹ کی روح کے تحفظ، اس عالمی کھیل کے تسلسل کی حمایت اور اس میں شریک تمام ممالک کی خاطر لیا گیا ہے۔ آئی سی سی اور دوست ممالک کے درخواست پر پاکستان نے فیصلہ تبدیل کیا۔
وزیراعظم اور پاکستانی عوام "مین ان گرین” کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں۔ ہمیں یقین ہے کہ ہماری ٹیم کھیل کے جذبے اور قومی فخر سے عالمی سطح پر قومی شان کے لیے میدان میں اترے گی۔
قبل ازیں پاکستان نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں شیڈول کے مطابق بھارت سے میچ کھیلنےکا فیصلہ کرلیا ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں شیڈول کے مطابق ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا میچ کھیلیں گی۔سری لنکن صدر کی درخواست پر وزیراعظم شہباز شریف نے بھارت کے خلاف میچ کھیلنےکا فیصلہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ سری لنکن صدر نے وزیراعظم شہبازشریف سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے۔ درخواست کی ہے کہ پاکستان کو سری لنکا میں منعقدہ پاک بھارت میچ کھیلنا چاہیے۔ صدر انورا کمارا نے کہا کہ پاکستان نے سری لنکا کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات کو ہر چیز پر فوقیت دی۔ سری لنکا میں دہشت گردی کے باوجود پاکستان نے کرکٹ کےلیے دورے جاری رکھے۔
وزیراعظم شہبازشریف نے لنکن صدر کے جذبات کا خیرمقدم کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ مشکل ادوار میں سری لنکا نے بھرپور ساتھ دیا،پاکستان میں کرکٹ جاری رکھی، حال ہی میں بھی سری لنکن ٹیم نےپاکستان کادورہ منسوخ نہ کرکےناقابل فراموش اقدام اٹھایا۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos