سولر نیٹ میٹرنگ صارفین کے لیے اہم پیش رفت سامنے آ گئی ہے، جہاں نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے نیشنل گرڈ کو فروخت کی جانے والی بجلی کے نرخوں میں نمایاں کمی کر دی ہے اور نیٹ بلنگ کا نیا نظام متعارف کرا دیا ہے۔
نیپرا کی جانب سے نئے ریگولیشنز 2026 کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق موجودہ سولر صارفین اپنی اضافی بجلی بدستور 25 روپے 32 پیسے فی یونٹ کے حساب سے نیشنل گرڈ کو فروخت کر سکیں گے، تاہم نئے صارفین کے لیے فی یونٹ ریٹ میں 17 روپے 19 پیسے کی بڑی کمی کر دی گئی ہے۔
نئے سولر نیٹ میٹرنگ صارفین کو اب نیشنل گرڈ کو دی جانے والی بجلی کے بدلے صرف 8 روپے 13 پیسے فی یونٹ ادا کیے جائیں گے، جو پہلے کے مقابلے میں تین گنا سے بھی کم ہے۔
اسی کے ساتھ نئے اور پرانے دونوں صارفین کے لیے نیٹ بلنگ کا طریقہ کار بھی تبدیل کر دیا گیا ہے۔ نئے نظام کے تحت صارف کا یونٹ اب سرکاری یونٹ کے برابر تصور نہیں کیا جائے گا، جبکہ نیشنل گرڈ سے لی جانے والی بجلی کا بل حکومتی ٹیرف اور سلیب کے مطابق وصول کیا جائے گا۔
مزید یہ کہ نئے نیٹ میٹرنگ صارفین کے لیے لائسنس کی مدت 7 سال سے کم کر کے 5 سال کر دی گئی ہے۔
پاور پلاننگ اینڈ مانیٹرنگ کمپنی کے مطابق اس وقت ملک میں تقریباً 7 ہزار میگاواٹ صلاحیت کے نیٹ میٹرنگ سولر سسٹمز نصب ہو چکے ہیں، جبکہ 13 سے 14 ہزار میگاواٹ صلاحیت کے ایسے صارفین بھی موجود ہیں جو آف گرڈ سولر سسٹمز کے ذریعے بجلی پیدا کر رہے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ نئے ریگولیشنز کے بعد آف گرڈ سولر سسٹمز لگانے کا رجحان مزید بڑھنے کا امکان ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں سولر نیٹ میٹرنگ صارفین کی تعداد 4 لاکھ 66 ہزار تک پہنچ چکی ہے، جن میں سے 82 فیصد صارفین بڑے شہروں میں موجود ہیں۔ لاہور میں 24 فیصد، ملتان میں 11 فیصد، راولپنڈی میں 9 فیصد، کراچی میں 7 فیصد جبکہ فیصل آباد میں 6 فیصد سولر صارفین ہیں۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos