پاکستان تحریک انصاف خیبرپختونخوا کے صدر جنید اکبر نے پارٹی کی قومی اسمبلی نشست چھوڑنے کا اعلان کر دیا ہے۔ قومی اسمبلی میں خطاب کا موقع نہ ملنے پر انہوں نے شدید ناراضی کا اظہار کیا۔
ذرائع کے مطابق جنید اکبر نے پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کے واٹس ایپ گروپ میں پیغام ارسال کرتے ہوئے واضح کیا کہ وہ اب کسی پارلیمانی کمیٹی کا حصہ نہیں رہیں گے اور نہ ہی پارلیمانی لیڈر یا چیف وہپ کی ہدایات کو تسلیم کریں گے۔
جنید اکبر کا کہنا تھا کہ انہیں گزشتہ رمضان کے بعد اور بجٹ کے موقع پر ہی ایوان میں بات کرنے کا موقع ملا، جبکہ چند مخصوص افراد کو روزانہ اظہارِ خیال کی اجازت دی جاتی ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ چیف وہپ کو روزانہ فیصلے کرنے کا اختیار کس نے دیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان کی شرافت کو کمزوری سمجھا جا رہا ہے اور پارٹی کے اندر بعض لوگ ان کی سخت زبان کی وجہ سے انہیں سامنے نہیں آنے دینا چاہتے۔
جنید اکبر نے اعلان کیا کہ وہ اسپیکر قومی اسمبلی کو خط لکھ کر پی ٹی آئی سے الگ نشست الاٹ کرنے کی درخواست کریں گے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos