کردار،جرات اور قابلیت پاک فوج کی بنیادی اقدار ہیں:فیلڈ مارشل عاصم منیر

9 واں انٹرنیشنل پاکستان آرمی ٹیم سپرٹ (PATS) مقابلہ کھاریاں میں کامیابی سے اختتام پذیر ہوگیا۔ آرمی چیف اور چیف آف ڈیفنس سٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اختتامی تقریب کے موقع پر کہا کہ "کردار، جرات اور قابلیت” وہ اوصاف ہیں جو پاکستانی سپاہیوں کی پہچان ہیں، خاص طور پر دہشت گردی کے خلاف جاری جدوجہد میں ان اوصاف کا عملی مظاہرہ نظر آتا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پیشہ وارانہ مہارت، جسمانی اور ذہنی صلاحیت کا مظاہرہ کرنے والی ٹیموں کو سراہا اور مشق میں مقابلہ کرنے کی لگن کو بھی تعریف کا نشانہ بنایا۔

ٹیم سپرٹ مقابلہ 60 گھنٹوں پر مشتمل ایک سخت اور پیشہ ورانہ پیٹرولنگ مشق ہے، جس کا مقصد شریک ٹیموں کے مابین جدید عسکری خیالات، حربی تجربات اور بہترین عملی مہارت کو فروغ دینا ہے۔ یہ مشق 5 فروری سے پنجاب کے نیم پہاڑی علاقوں میں منعقد کی گئی، جس نے شرکاء کو حقیقت کے قریب چیلنجنگ آپریشنل ماحول فراہم کیا۔

اس سال مقابلے میں 19 ممالک کی ٹیموں نے شرکت کی، جن میں بحرین، بنگلہ دیش، بیلاروس، مصر، عراق، اردن، سعودی عرب، ملائیشیا، مالدیپ، مراکش، نیپال، قطر، سری لنکا، ترکیہ، امریکہ اور ازبکستان شامل تھے۔ انڈونیشیا، میانمار اور تھائی لینڈ نے بطور مبصر شرکت کی۔ پاکستان آرمی، پاکستان نیوی کی 16 مقامی ٹیموں اور پاکستان ایئر فورس کے مبصرین نے بھی مشق میں حصہ لیا۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ بین الاقوامی مشقیں اجتماعی تیاری اور جدید حربی تکنیک اپنانے میں مددگار ثابت ہوتی ہیں، اور کردار، جرات اور مقابلہ کرنے کی صلاحیت پاک فوج کی طرہ امتیاز ہیں۔ تقریب کے اختتام پر چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز نے نمایاں کارکردگی دکھانے والے شرکا میں انعامات تقسیم کیے۔

بین الاقوامی مبصرین اور دفاعی اتاشیوں نے مشق کے دوران اعلیٰ پیشہ ورانہ معیار، بہترین تنظیم اور نظم و ضبط کو سراہا۔ بعد ازاں چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز نے نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم سینٹر پبی میں نئے ٹیکٹیکل سمیولیٹر سمیت مختلف تربیتی سرگرمیوں کا بھی مشاہدہ کیا۔

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔