اسلام آباد: عمران خان سے ان کے وکیل سلمان صفدر کی طویل ملاقات ہوئی، ملاقات کے بعد سلمان صفدر نے پی ٹی آئی کے رہنماؤں اور سابق وزیر اعظم کے اہل خانہ کو بھی تفصیلات بتائی ہیں۔
سپریم کورٹ نے آج توشہ خانہ کیس میں اپیل کی سماعت کے دوران سابق وزیرِاعظم عمران خان کی صحت اور جیل میں دستیاب سہولتوں کا جائزہ لینے کے لیے وکیل سلمان صفدر کو ’فرینڈ آف دی کورٹ‘ مقرر کیا۔ عدالت نے انھیں حکم دیا کہ وہ اس حوالے سے ایک مفصل رپورٹ پیش کریں۔
اڈیالہ جیل حکام کے مطابق عمران خان اور سلمان صفدر کی ملاقات کا انتظام علیحدہ کمرے میں کیا گیا، جہاں دونوں کے درمیان تین گھنٹے سے زائد بات چیت ہوئی۔
ملاقات کے بعد جب جیل کے باہر موجود صحافیوں نے سلمان صفدر سے عمران خان کی صحت اور سہولتوں کے بارے میں سوالات کیے تو انھوں نے جواب دینے سے گریز کیا اور کہا کہ وہ اس بارے میں ایک جامع رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرائیں گے۔
ملاقات کے بعد اڈیالہ جیل کے باہر عمران خان کی بہن علیمہ حان اور پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ ایک گاڑی میں بیٹھے ہوئے تھے اور ان کے ساتھ سلمان صفدر نے ملاقت کی اور ان تینوں کی ملاقات کے بعد کسی نے بھی عمران خان کے ساتھ ہونے والی ملاقات سے متعلق کوئی گفتگو نہیں کی۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos