کوئٹہ: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بلوچستان میں امن و امان اور سیکیورٹی فورسز کی معاونت کیلیے 10 ارب روپے کی خطیر رقم کی معاونت کا اعلان کردیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف صوبائی وزرا کے ہمراہ کوئٹہ پہنچی جہاں انہوں نے کوئٹہ میں ایف سی ہیڈ کوارٹرز میں منعقدہ تقریب میں شرکت کی۔
علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے گورنر بلوچستان جعفر مندوخیل سے ملاقات کی جس میں وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی اور صوبائی وزرا بھی شریک ہوئے۔
اس کے علاوہ ملاقات میں مسلم لیگ ن کے صوبائی وزراء نے بھی شرکت کی جبکہ مریم اورنگزیب اور عظمیٰ بخاری بھی ملاقات میں موجود تھیں۔
بعد ازاں مریم نواز سی ایم سیکریٹریٹ پہنچیں جہاں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی صوبائی کابینہ اور اراکین اسمبلی نے اُن کا پرتپاک استقبال کیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بلوچستان کابینہ اور اتحادی جماعتوں کے اراکین سے ملاقات کی اور سیکیورٹی فورسز کیلیے 10 ارب روپے کی معاونت کا اعلان کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے کہا کہ مریم نواز شریف کو بلوچستان آمد پر خوش آمدید کہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کے لیے دس ارب روپے کی معاونت مثبت اور قابلِ تحسین اقدام ہے، بلوچستان میں حکومت اور اپوزیشن عوامی فلاح کے لیے متحد ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ خوشی ہے کہ بحیثیت وزیر اعلیٰ میرا بلوچستان کا یہ پہلا دورہ ہے، بلوچستان کے عوام کا جذبہ اور پاکستان سے وابستگی قابلِ ستائش ہے۔
انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ بلوچستان کو درپیش چیلنجز میں حکومت پنجاب ہر ممکن تعاون کرے گی۔ مریم نواز نے کہا کہ بلوچستان کے ساتھ ہیں اور یہاں پر موجود دہشت گردی کا خاتمہ قومی یکجہتی سے ہی ممکن ہے۔
مریم نواز کی کوئٹہ میں گورنر بلوچستان سے ملاقات، سیاسی صورتحال پر گفتگو

قبل ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی گورنر ہاؤس کوئٹہ آمد، گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل سے ملاقات کی۔
دونوں رہنماؤں نے ملاقات کے دوران امن و امان اور صوبے کی سیاسی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔
ملاقات میں وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی، سپیکر بلوچستان اسمبلی عبدالخالق اچکزئی، صوبائی وزراء اور ممبران اسمبلی موجود تھے۔
پنجاب کی صوبائی وزراء مریم اورنگزیب، عظمیٰ بخاری اور چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان بھی ملاقات میں موجود تھے۔
گورنر بلوچستان جعفر مندوخیل نے کہا کہ اس وقت وفاقی حکومت اور صوبوں کے درمیان خوشگوار تعلقات قائم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بین الصوبائی ہم آہنگی کے فروغ اور باہمی تعلقات کو مزید مضبوط اور مستحکم کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات کی فوری ضرورت ہے۔
گورنر بلوچستان جعفر مندوخیل نے کوئٹہ کا دورہ کرنے پر وزیراعلیٰ پنجاب نواز شریف کا شکریہ ادا کیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ مستقبل میں بھی گورنر بلوچستان سے رابطے میں رہیں گے، وزیر اعلیٰ پنجاب نے گورنر بلوچستان کو ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
دونوں رہنماؤں نے صوبوں کے درمیان تعلقات کو مزید خوشگوار بنانے اور عوامی رابطوں کے فروغ پر اتفاق کیا، گورنر بلوچستان نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو یادگاری شیلڈ اور روایتی قالین پیش کیا۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos