میگزین رپورٹ:
پاک بھارت ٹاکرے پر غیر یقینی کے بادل چھٹتے ہی جہاں سٹے کی عالمی منڈی میں طوفان آ چکا ہے، وہیں میڈیا اسکرینیں اشتہارات کے ساتھ سونا اگل رہی ہیں۔ اس میچ کی بدولت آئی سی سی کے اربوں ڈالر کے معاہدے محفوظ ہونے کے ساتھ ساتھ بھارت اور پاکستان کرکٹ بورڈکو کروڑوں ڈالر کا مالیاتی جیک پاٹ ملنے کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔
دوسری جانب، میزبان سری لنکا کے لیے یہ میچ ایک معاشی معجزہ ثابت ہو رہا ہے، جہاں ٹکٹوں کی فروخت اور سیاحت کے ذریعے مقامی معیشت میں اربوں روپے کی نئی روح پھونک دی گئی ہے۔ ادھر عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق پاک بھارت میچ پر چھائے غیر یقینی صورتحال کے خاتمے کے بعد سٹے کی صنعت میں ایک مرتبہ پھر تیزی آگئی ہے۔
انڈر گراؤنڈ مارکیٹ کے تخمینوں کے مطابق، اس ہائی وولٹیج میچ پر لگنے والی رقم کا حجم کم و بیش ڈھائی ارب ڈالر ارب ڈالر کے ہندسے کو چھو چکا ہے۔ دبئی ، ممبئی ، لندن ، جوہانسبرگ، کراچی ، لاہور، بنکاک، ہانگ کانگ، قبرص، کولمبو اور ڈھاکہ سمیت دیگر بڑے شہروں میں پاک بھارت میچ پر تاریخ کا سب سے بڑا جوا کھیلنے کی تیاری کی جارہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق اس بار میگا جیک پاٹ کی نوعیت ماضی سے یکسر مختلف اور کہیں زیادہ پیچیدہ ہے۔ طویل تعطل اور بائیکاٹ کے خاتمے کے بعد، پاکستان کی جیت یا ہار پر لگنے والے ریٹس پل پل بدل رہے ہیں۔ بھارتی سٹے بازوں کے لیے یہ تاریخ کا سب سے منافع بخش موقع قرار دیا جا رہا ہے۔ کیونکہ ٹیموں کی غیر یقینی کارکردگی اور میچ کے گرد گھومتی نفسیاتی جنگ نے داؤ کی رقم کو دوگنا کر دیا ہے۔ ہر گزرتے لمحے کے ساتھ بدلتے ہوئے یہ بھاؤ بڑے بڑے کھلاڑیوں کی قسمت داؤ پر لگا چکے ہیں، جس نے مارکیٹ میں بے چینی پیدا کر دی ہے۔ جہاں Bet365 اور Robinhood جیسے عالمی آن لائن پلیٹ فارمز پر پریڈکشن مارکیٹس کا دباؤ اپنے عروج پر ہے۔ ہر سیکنڈ میں لاکھوں ڈالرز کی ٹریڈنگ ہو رہی ہے اور مصنوعی ذہانت کے ذریعے بننے والے گراف لمحہ بہ لمحہ جواریوں کے دلوں کی دھڑکنیں تیز کر رہے ہیں۔
ادھر سٹہ سنڈیکٹس کی جانب سے گرین سگنل ملنے کے بعد جوئے کی مارکیٹس دوبارہ تیزی سے بحال ہو رہی ہے۔ کولمبو میں شیڈول اس ٹاکرے کے لیے مائیکرو بیٹنگ کا رجحان بھی جڑ پکڑ رہا ہے، جس میں ہر گیند اور ہر رن پر کروڑوں کا داؤ لگایا جا رہا ہے، جو اس میچ کو کرکٹ کی تاریخ کا مہنگا ترین جوا بنا چکا ہے۔ دوسری جانب میڈیا اور اشتہارات کی دنیا میں اس میچ کو سونا اگلتی اسکرینیں قرار دیا جا رہا ہے۔ پاک بھارت میچ کے صرف دس سیکنڈ کے اشتہاری دورانیے کی قیمت 25 سے 40 لاکھ بھارتی روپے تک جا پہنچی ہے۔
ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر 20 کروڑ سے زائد افراد کی بیک وقت لائیو سٹریمنگ کی توقع کی جا رہی ہے۔ اسی طرح آئی سی سی سمیت بھارت، پاکستان اور سری لنکا کے کرکٹ بورڈز کے وارے نیارے ہونے جا رہے ہیں۔ جیو اسٹار (JioStar) کے ساتھ آئی سی سی کا 3 بلین ڈالر کا معاہدہ اسی نوعیت کے ہائی پروفائل میچوں پر منحصر ہے، جس کی عالمی کمرشل ویلیو 250 سے 500 ملین ڈالر کے درمیان لگائی گئی ہے۔ اس مالیاتی بہاؤ کا سب سے بڑا فائدہ بھارتی بورڈ کو پہنچتا ہے، جو آئی سی سی کے موجودہ ماڈل کے تحت کل سالانہ آمدنی کا 38.5 فیصد (تقریباً 230 ملین ڈالر) وصول کرتا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے لیے یہ میچ گیم چینجر ثابت ہونا یقینی ہے۔ بائیکاٹ ختم کرنے کے عوض پاکستان نے اپنے حصے میں اضافے اور مالی مراعات کے لیے بہتر ڈیل حاصل کرنے کی راہ ہموار کر لی ہے۔ پی سی بی کے لیے صرف ایک میچ پندرہ سے بیس ملین ڈالر کا جیک پاٹ ثابت ہوگا۔ جبکہ مقامی اشہتاری مارکیٹس اور نشریاتی حقوق سے بھی پی سی بی کو اربوں روپے کی آمدنی متوقع ہے۔ رپورٹ کے مطابق میزبان ملک سری لنکا کے لیے یہ میچ کسی معاشی معجزے سے کم نہیں ہے۔
سری لنکا کرکٹ کو ٹکٹوں کی فروخت، گیٹ منی اور گراؤنڈ اشتہارات سے 25 سے 30 ملین ڈالر کی براہِ راست آمدنی متوقع ہے۔ اس کے علاوہ، کولمبو کے ہوٹلز، ایئرلائنز اور مقامی ٹرانسپورٹ کے شعبے اس ایک میچ سے 92 کروڑ روپے سے زائد کا بزنس سمیٹ رہے ہیں۔ بھارت، پاکستان اور برطانیہ سے آنے والے ہزاروں شائقین نے سری لنکا میں سیاحت کا ایک نیا دھماکہ کر دیا ہے، جس سے مقامی معیشت کو وہ مضبوط سہارا ملا ہے جس کی اسے اشد ضرورت تھی۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos