فائل فوٹو
فائل فوٹو

بلوچستان : انتہائی مطلوب افراد کی فہرست جاری ، بشیر زیب کی قیمت 25 کروڑ روپے مقرر

کوئٹہ:  بلوچستان حکومت کی جانب سے شدت پسندی کے حوالے سے انتہائی مطلوب افراد کے نام اخبارات میں شائع کیے گئے ہیں۔

بدھ کے روز مقامی اخبارات میں شائع ہونے والے اشتہارات میں ان مطلوب افراد کے سر کی قیمتیں بھی مقرر کی گئی ہیں۔مجموعی طور پر جن 39 افراد کے نام شائع کیے گئے ہیں ان میں بیرون ملک مقیم افراد بھی شامل ہیں۔

صوبائی حکومت کی جانب سے جاری فہرست میں کالعدم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) کے سربراہ بشیر زیب اور کپتان رحمان گل کے نام بھی شامل کیے گئے ہیں۔

دیگر افراد کے مقابلے میں ان کی سر کی قیمت سب سے زیادہ ہے جو کہ پچیس، پچیس کروڑ روپے ہے۔تیسرے نمبر پر سب سے زیادہ سر کی قیمت میر سفیر احمد کی مقرر کی گئی ہے جو کہ 15 کروڑ روپے ہے۔

یاد رہے کہ 31 جنوری کو بلوچستان کے متدد شہروں کے مختلف مقامات پر مسلح افراد نے حملہ کیا تھا جس میں درجنوں افراد ہلاک اور زخمی ہوگئے۔ بی ایل اے نے ان حملوں کی ذمہ داری قبول کی تھی۔

حکومت کی جانب سے جاری کی گئی فہرست میں بیرون ملک مقیم افراد میں نوابزادہ حربیار مری اور نوابزادہ براہمداغ بگٹی کے نام شامل ہیں۔ ان دونوں کی سر کی قیمت دس، دس لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے۔

اس کے علاوہ شیر محمد بگٹی کا نام بھی شامل ہے جو کہ بلوچ ریپبلیکن پارٹی کے ترجمان ہیں۔ ان کے سر کی قیمت 25 لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے۔

ماضی میں بھی سرکاری حکام کی جانب سے ان افراد سمیت بیرون ملک مقیم دیگر بلوچ رہنماؤں پر شدت پسندی کے واقعات میں ملوث ہونے کا الزام لگایا جاتا رہا ہے تاہم یہ افراد الزامات کی سختی سے مسترد کرتے آئے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔