پاکستان امن، برداشت اور باہمی احترام کے فروغ کے لیے پرعزم ہے،صدر

پاکستان امن، برداشت اور باہمی احترام کے فروغ کے لیے پرعزم ہے،صدر

 

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان امن، برداشت اور باہمی احترام کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے یہ بات تشدد پر مبنی انتہا پسندی کی روک تھام کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہی۔

صدر زرداری نے انتہا پسندی کو انسانی وقار کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا اور کہا کہ اس کے بنیادی اسباب سے نمٹنا ناگزیر ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان اقوامِ متحدہ کے انسدادِ تشدد کنونشن پر عمل پیرا ہے اور قومی انسدادِ انتہا پسندی پالیسی 2024 فعال روک تھام کی حکمتِ عملی فراہم کرتی ہے۔

صدر نے کہا کہ پاکستان کی پالیسی انسانی حقوق اور قانون کی حکمرانی پر مبنی ہے اور اسلام و انسانی حقوق کا عالمی اعلامیہ برداشت، مساوات اور احترامِ انسانیت کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بھاری قربانیاں دی ہیں اور پائیدار امن تعلیم، مکالمے اور سماجی ہم آہنگی کے ذریعے ہی ممکن ہے۔

صدر زرداری نے کہا کہ قانونی تحفظات اور ادارہ جاتی اصلاحات کو مزید مضبوط بنایا جا رہا ہے تاکہ انتہا پسندی کا مؤثر سدباب کیا جا سکے۔ انہوں نے کشمیر اور فلسطین میں انسانی حقوق کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا اور عالمی برادری پر زور دیا کہ مشترکہ ذمہ داری کے تحت تعاون کو فروغ دیا جائے۔

صدر نے کہا کہ انسدادِ انتہا پسندی کی کوششیں کسی مذہب یا ثقافت کو بدنام نہیں کریں گی، نوجوانوں کو بااختیار بنانا شدت پسندی کے سدباب کے لیے ناگزیر ہے اور خاندان و برادریاں انتہا پسند بیانیے کے خلاف پہلی دفاعی دیوار ہیں۔ آخر میں انہوں نے کہا کہ ہمیں ایسی دنیا کی تعمیر کے لیے مل کر کام کرنا ہوگا جہاں نفرت پر امید غالب ہو اور تشدد پر امن و تقسیم پر مکالمے کو ترجیح دی جائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔