اسلام ٓآباد: اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی بیماری کو نظر انداز کیا جا رہا ہے،اپنے مطالبات کی منظوری تک دھرنا جاری رکھیں گے۔
پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمود خان اچکزئی نے بانی پی ٹی آئی کے علاج کا مطالبہ کر دیا۔ اور کہا کہ آج کے احتجاج میں کسی کو گالی دی جائے گی نہ ہی کوئی پتھر اٹھایا جائے گا، احتجاج مکمل طور پر پُرامن ہو گا۔ آج کا احتجاج بانی پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق ہے اور ہمارا مطالبہ ہے کہ بانی کا فوری علاج کرایا جائے، علاج کرانا ان کا بنیادی حق ہے۔پارلیمنٹ آنے والی تمام سڑکیں بند ہیں، تاہم ہم پرامن احتجاج کے وعدے پر قائم ہیں اور اپنے مطالبات کی منظوری تک دھرنا جاری رکھیں گے۔
محمود خان اچکزئی کا کہنا تھا کہ گھر والوں اور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر یہ مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ بانی کا معائنہ ان کے ذاتی معالج سے کرایا جائے۔ جیل کے ڈاکٹروں کی غفلت کے باعث بانی کی بینائی کو بھی خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔بانی کی بیماری کو نظر انداز کیا جا رہا ہے اور اگر انہیں علاج کے لیے ہسپتال منتقل کیا جاتا ہے تو اس میں کیا حرج ہے، اگر خدانخواستہ ان کی بینائی متاثر ہوتی ہے تو اس کا ذمے دار کون ہو گا؟
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos